*دو گولڈ میڈلز جیتنے والے خصوصی بچے منیب الرحمن کے اعزاز میں پروقار تقریب، شیلڈ اور نقد انعام سے نوازا گیا*
*اس پروقار تقریب کا انعقاد جہلم کی مشہور دانشگاہ ابنِ عباس اسلامک ریسرچ سینٹر کی طرف سے کیا گیا*
جہلم (بیورو چیف ): نیشنل اسپیشل اولمپکس لاہور میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز اپنے نام کرنے والے القاسم انسٹیٹیوٹ اسپیشل ایجوکیشن کے خصوصی طالب علم اور جہلم کے سینئر صحافی عبدالرحمن قادری کے صاحبزادے منیب الرحمن کے اعزاز میں ابنِ عباس اسلامک ریسرچ سینٹر جہلم کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پروگرام آرگنائزر ڈاکٹر فیض احمد بھٹی (چیئرمین ابنِ عباس اسلامک ریسرچ سینٹر جہلم) نے منیب الرحمن کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا اور نقد انعام بھی دیا۔ اس موقع پر شرکاء نے منیب الرحمن کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہ تقریب بابائے صحافت و سیاست اور سرپرستِ مرکز محمود مرزا جہلمی کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوئی، جبکہ ڈاکٹر فیض احمد بھٹی نے بطور پروگرام آرگنائزر اور حافظ ساجد محمد مدنی، مدیر المرکز نے بطور پروگرام کنوینئر ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ تقریب کے انتظامی امور مرزا محمد ارشد جرال اور مرزا محمد عنصر جرال کی زیرِ نگرانی انجام دیے گئے۔ جبکہ ابنِ عباس اسلامک ریسرچ سینٹر کے طلبہ و وابستگان نے بھی پروگرام کی کامیابی میں بھرپور تعاون کیا۔
تقریب میں القاسم انسٹیٹیوٹ اسپیشل بچگان کے اسپورٹس انچارج ملک عرفان نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں جہلم پریس کلب کے سینئر ممبران مرزا قدیر بیگ، عابد محمود، چوہدری عامر کیانی، سلطان رضوی، آصف اقبال جنجوعہ اور شبر رضوی بھی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے اور منیب الرحمن کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ منیب الرحمن کی شاندار کامیابی ان کے والدین، اساتذہ، ادارے اور پورے شہرِ جہلم کےلیے باعثِ فخر و اعزاز ہے۔ خصوصی بچوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کےلیے مناسب مواقع اور بھرپور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے۔ منیب الرحمن نے اپنی محنت، عزم اور صلاحیت سے یہ ثابت کیا ہے کہ خصوصی بچے بھی کھیل کے میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ شرکاء نے عبدالرحمن قادری کو بھی ان کے صاحبزادے کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ منیب الرحمن کی کامیابی پورے جہلم کے لیے باعثِ مسرت و اعزاز ہے۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب خوشگوار اور محبت بھرے ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
آخر میں صاحبزادہ منیب الرحمن کے لیے مزید کامیابیوں، صحت، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
جہلم (بیورو چیف )
