نیویارک: سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا نے پاکستان سے چوری ہونے والے گندھارا دور کے نوادرات واپس کر دیئے ہیں۔
گندھارا دور کے تاریخی اور قدیم نوادرات کا تعلق دوسری صدی عیسوی سے بتایا جاتا ہے۔ یہ تاریخی نوادرات پاکستان کے حوالے کرنے کی تقریب نیویارک میں قائم پاکستانی قونصلیٹ میں منعقد کی گئی۔
اس تقریب میں ڈسٹرکٹ اٹارنی نیویارک کاؤنٹی سائرس ونس اور پاکستانی قونصلر جنرل عائشہ علی نے چوری کئے گئے ان نوادرات کی واپسی کے معاہدہ پر دستخط کئے۔
پاکستانی قونصلر جنرل عائشہ علی نے چوری ہونے والے گندھارا تہذیب کے نوادرات کی بازیابی کیلئے کی جانے والی کوششوں پر نیویارک کاؤونٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی اور امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی محکمہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری صدی عیسوی سے تعلق رکھنے والے ان نوادرات کی واپسی پاکستان اور امریکا کی دوستی کا اہم مظہر ہے۔ امریکا میں منعقدہ اس تقریب میں بازیاب کئے گئے نوادرات بھی حاضرین کو دکھائے گئے۔