BBC Urdu TV

درِ نجات: ابو بکر کی تربیت کے پیچھے چھپی ایک ماں کی کہانی!

درِ نجات: ابو بکر کی تربیت کے پیچھے چھپی ایک ماں کی کہانی!

تحریر بشریٰ جبیں جرنلسٹ
کالم نگار

کبھی کبھی ایک نسل کی غلطیاں دوسری نسل کی تربیت کا سب سے بڑا سبق بن جاتی ہیں۔

عمیرہ احمد کے تحریر کردہ ڈرامے درِ نجات میں ابو بکر کا کردار اس وقت ہر طرف موضوعِ گفتگو ہے۔ شہریار منور نے اس کردار کو جس خوبصورتی سے نبھایا ہے، وہ یقیناً قابلِ تحسین ہے۔

ابو بکر! ایک ایسا نوجوان جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے، ہارورڈ سے پڑھا ہوا ہے، اچھی ملازمت رکھتا ہے، دین سے وابستگی رکھتا ہے، نماز اور معمولات کا پابند ہے، نرم مزاج، باوقار، عاجز اور انتہائی متوازن شخصیت کا مالک ہے۔ بڑی سے بڑی مشکل اور ناموافق صورتِ حال میں بھی اپنا سکون اور وقار برقرار رکھتا ہے۔

آج سوشل میڈیا پر ہر طرف ایک ہی آواز سنائی دے رہی ہے:
ہمیں بھی ابو بکر جیسا بیٹا اور شوہرچاہیے!

لیکن کیا ہم نے کبھی سوچا کہ اس ابو بکر کے پیچھے کون ہے؟ اس کی تربیت کس نے کی؟ اور اس کی شخصیت کی بنیادیں کہاں رکھی گئیں؟

یہیں سے ڈرامے کی کہانی ایک نیا اور بہت اہم موڑ لیتی ہے۔

خوش بخت، یعنی ابو بکر کی ماں، کا ماضی سامنے آ رہا ہے۔ ایک ایسی لڑکی جو اپنے والد کی لاڈلی، اپنے گھر کی اکلوتی بیٹی اور بھائیوں کے درمیان پلی بڑھی۔ زندگی میں ایک شخص امان کی آمد ہوئی، جس نے اس کی معصومیت، جذبات اور اعتماد کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا۔

امان کا کردار بھی شہریار منور ہی ادا کر رہے ہیں، لیکن یہ ابو بکر سے بالکل مختلف شخصیت ہے۔ ایک ایسا شخص جو بظاہر محبت کے نام پر قریب آتا ہے، مگر اس کے رویے اور کردار میں وہ تمام منفی پہلو دکھائی دیتے ہیں جو کسی کی زندگی تباہ کر سکتے ہیں۔

ابھی کہانی مکمل نہیں ہوئی، لیکن جو کچھ سامنے آیا ہے، اس نے ناظرین کے ذہنوں میں کئی سوالات پیدا کر دیے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جو ناظرین کل تک ابو بکر کے کردار پر فدا تھے، اب امان کو دیکھ کر سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر ایک ہی اداکار کو اتنے متضاد کردار کیوں دیے گئے؟ یا پھر یہ کیسی کہانی ہے جس میں ایک طرف مثالی نوجوان ہے اور دوسری طرف اس کے کردار سے بالکل متضاد شخص؟

میرے خیال میں ہمیں اس کہانی کو صرف ایک مثالی کردار کے پیمانے سے نہیں دیکھنا چاہیے۔

کیونکہ زندگی میں ابو بکر بھی موجود ہیں اور امان بھی۔ اور ایک اچھا رائٹر زندگی کے صرف خوبصورت چہرے نہیں دکھاتا، اس کے تلخ حقائق سے بھی پردہ اٹھاتا ہے۔

میرے نزدیک اس ڈرامے کا سب سے اہم اور قابلِ غور پہلو ابو بکر کی ماں خوش بخت کا کردار ہے۔

ذرا سوچیے! ایک لڑکی جس سے زندگی میں ایک بڑی غلطی ہوئی، جس کے انتخاب نے اس کے خاندانی تعلقات کو متاثر کیا، جس کی وجہ سے اس کے اپنے والدین اور بھائی بھی اس سے دور ہو گئے۔ اس نے اپنی زندگی میں ایسے تجربات اور تکالیف برداشت کیں جن کے اثرات یقیناً اس کی شخصیت پر بھی پڑے ہوں گے۔

لیکن اس کہانی کا اصل کمال یہ ہے کہ خوش بخت نے اپنے ماضی کو اپنی اولاد کا مستقبل نہیں بننے دیا۔

اس نے اپنی زندگی کے تجربات سے سبق لیا۔ اپنے بیٹے کی تربیت اس شعور کے ساتھ کی کہ اس پر اس کے باپ کے کردار کی پرچھائیں تک نہ پڑے۔

اس نے اپنے بیٹے کو صرف اعلیٰ تعلیم نہیں دلوائی، بلکہ اس کی شخصیت میں دین، اخلاق، ذمہ داری، عاجزی، برداشت، خود اعتمادی اور ضبط پیدا کیا۔

یہاں ایک بہت اہم بات سمجھنے کی ہے:

ایک عورت کی زندگی میں آنے والی غلطی یا کسی غلط شخص کا انتخاب اس کی پوری زندگی اور اس کی آنے والی نسل کا مقدر نہیں بن جانا چاہیے۔

خوش بخت نے اپنے ماضی کو اپنی شناخت نہیں بننے دیا۔ اس نے اپنی تکلیف کو اپنی کمزوری نہیں بنایا، بلکہ اسے اپنی تربیت کا ذریعہ بنایا۔ اس نے اپنے حالات کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے، بلکہ اپنی اولاد کی صورت میں ایک ایسی شخصیت تیار کی جسے آج دنیا سراہ رہی ہے۔

یقیناً یہ سفر آسان نہیں رہا ہوگا۔ ایک طرف معاشرتی رویے، دوسری طرف اپنوں کی بے اعتنائی اور تیسری طرف ایک بچے کی تنہا پرورش اور تربیت!

لیکن اس کردار کے ذریعے ایک بہت بڑا سوال ہمارے سامنے آتا ہے:

کیا کسی انسان کا ماضی اس کے مستقبل کا فیصلہ کر دیتا ہے؟ کیا ایک غلط فیصلہ انسان کو ہمیشہ کے لیے غلط ثابت کر دیتا ہے؟

میرا جواب ہے، ہرگز نہیں!

انسان سے غلطی ہو سکتی ہے، لیکن اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ وہ اپنی غلطی سے کیا سیکھتا ہے اور پھر اپنی زندگی کو کس سمت لے کر جاتا ہے۔

ہم اکثر اولاد کی تربیت پر گفتگو کرتے ہیں، لیکن یہ بھول جاتے ہیں کہ تربیت کرنے والے والدین بھی اپنے تجربات، محرومیوں، غلطیوں اور زندگی کے نشیب و فراز سے سیکھ کر ہی بہتر تربیت کے قابل بنتے ہیں۔

خوش بخت کا کردار اسی پہلو سے مجھے بہت اہم محسوس ہوتا ہے۔

ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اولاد کی بہترین تربیت صرف اچھی تعلیم، اچھی ملازمت یا معاشی استحکام کا نام نہیں۔ اصل تربیت وہ ہے جو انسان کو اچھے اور برے کی تمیز، اپنے نفس پر قابو، تعلقات میں حدود، اخلاقی مضبوطی اور مشکل حالات میں درست فیصلہ کرنے کا شعور دے۔

اور شاید یہی وجہ ہے کہ آج ابو بکر سب کا آئیڈیل بن رہا ہے، لیکن اس کے پیچھے کھڑی ماں کی جدوجہد کو سمجھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

ابو بکر کی شخصیت پر واہ واہ کرنے سے پہلے اس ماں کی تربیت کو بھی سلام کیجیے جس نے اپنے ماضی کی تلخیوں کو اپنی اولاد کے مستقبل کی روشنی بنا دیا۔

میرے نزدیک درِ نجات کی یہ کہانی محض ایک ڈرامائی موڑ نہیں، بلکہ ایک بہت اہم سماجی اور تربیتی پیغام ہے:

ماضی چاہے کتنا ہی تلخ کیوں نہ ہو، اگر انسان شعور، ہمت اور درست سمت اختیار کر لے تو وہ اپنی اگلی نسل کے لیے ایک بالکل مختلف اور روشن مستقبل تعمیر کر سکتا ہے۔

اور شاید یہی ہے خوش بخت کی اصل کامیابی!

Exit mobile version