لاہور: کیا آپ کے خیال میں کم کھانا ہی جسمانی وزن کم کرنے کا طریقہ ہے تو آپ کا خیال بالکل غلط ہے۔ درحقیقت اپنی خوراک میں مناسب چیزوں کا استعمال کر کے آپ چربی گھلانے کا عمل زیادہ تیز کر سکتی ہیں۔ ان میں سب سے اہم دالیں ہیں۔
جو لوگ بھی جسمانی وز ن یا چربی میں کمی کے خواہش مند ہیں ،دالیں ان کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ کم کیلوریز اور فیٹ کے ساتھ دال کی آدھی پلیٹ سے نو گرام پروٹین ملتی ہے جس سے جسم میں باڈی بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اس طرح یہ کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کی روک تھام کے لیے بہترین غذا ہے۔
اس مقصد کے لیے پالک بھی بہترین غذا ہے۔ یہ چربی کو جلاتی نہیں مگر جسمانی وزن کم کرنے میں مدد ضرور کرتی ہے۔ اس میں کیلوریز کی مقدار بہت کم ہوتی ہے اور تازہ پالک کا استعمال جسم کو اضافی فائبر فراہم کرتا ہے جس سے پیٹ جلد بھرنے کا احساس ہوتا ہے اور موٹاپے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق روزانہ تیس گرام اخروٹ کھانا کولیسٹرول کی سطح کو بہتر بناتا ہے اور موٹاپے کے خطرے سے نجات دلاتا ہے۔یہ پھل ذیابیطس کے شکار مریضوں کے لیے بھی بہترین ہے جو خون میں گلو کوز کی مقدار معمول پر رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
موٹاپے کی شکار خواتین ایک دن میں تین چھوٹی ناشپاتیاں کھائیں تو ان کے جسمانی وزن میں کچھ عرصے بعد ہی نمایا ں کمی آ جاتی ہے۔ اس پھل کو کھانے والوں کے جسم میں زیادہ کیلوریز داخل نہیں ہوتیں۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر کسی میٹھی چیز کی خواہش ہو رہی ہو توچینی سے بنی چیز کھانے کی بجائے ناشپاتی کا استعمال بہترین ثابت ہوتا ہے۔جس میں کیلوریز کی تعداد کم ہوتی ہے جبکہ فائبر بہت زیادہ ہوتا ہے جو پیٹ کو جلد بھر دیتا ہے۔
موسم تبدیل ہو رہا ہے، ایسے میں اگر بے وقت کچھ کھانے کو دل کرے تو سوپ کا ایک پیالہ بہترین ہے جو چربی کو تیزی سے جلاتا ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق سوپ کا استعمال بے وقت کی بھوک کو دبانے کا بہترین ذریعہ ہے،کیونکہ یہ اپنے سیال اور ٹھوس اشیاء کی بناء پر بھوک کے احساس کو ختم کر دیتا ہے۔
اس طرح سوپ کا استعمال کھانے سے پہلے کرنے سے لوگوں کے اندر معمول سے کم غذا کھانے کی خواہش ہوتی ہے،یعنی کم کیلوریز ان کے جسم کا حصہ بنتی ہیں اور صاف ظاہر ہے موٹاپے میں کمی آنے لگتی ہے۔
جو کے دلیے کا ناشتے میں استعمال معمول بنا لیا جائے تو کولیسٹرو ل کی سطح کو بڑھنے سے روکنے میں مدد ملتی ہے۔اس میں شامل فائبر چربی کو گھلانے میں مدد دے کر میٹا بولزم کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور آپ کو زیادہ دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس رہتا ہے۔
سویا بین میں لیکیٹین نامی جزو پایا جاتا ہے جو خلیات کو چربی جمع کرنے سے روکتا ہے۔یہ ایک ڈھال جیسا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں چربی آپ کے خلیات میں جمع نہیں ہو پاتی ،جبکہ یہ جزو جسم میں پہلے سے موجود چربی کے ذخیر ے کو ٹکڑے کر کے ہضم کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے،اور نتیجتاً موٹاپا بڑھنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔