BBC Urdu TV

خانہ کعبہ، مسجد نبوی ﷺ اور مسجد اقصی ہمارے مقدس ترین مقامات ہیں: ڈاکٹر فیض احمد بھٹی

خانہ کعبہ، مسجد نبوی ﷺ اور مسجد اقصی ہمارے مقدس ترین مقامات ہیں: ڈاکٹر فیض احمد بھٹی

حرمین شریفین پوری امت مسلمہ کی جان و قبلہ ہے، ہم برملا اس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ حرمین شریفین کےلیے ہماری جان بھی قربان

حرمین شریفین کے ساتھ ہمارا ایمانی لگاؤ ہے، دلی جذبات ہیں، اس کی حرمت اور عزت کا دفاع ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں، اس کےلیے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کر سکتے

مصطفی آباد / للیانی (محمد عمران سلفی) پوری امت مسلمہ کےلیے دنیا میں مقدس ترین مقامات خانہ کعبہ، مسجد نبوی ﷺ اور مسجد اقصی ہیں۔ حرمین شریفین پوری امت مسلمہ کی جان و قبلہ ہے، اس کی طرف منہ کر کے ہم نماز ادا کرتے ہیں۔ آج کل حرمین شریفین کے اوپر یمن کے دہشتگرد حوثی حملہ آور ہیں۔ جس سے پوری امت مسلمہ میں اضطراب کی لہر دوڑ رہی ہے۔پاکستان میں رہنے والے برملا اس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ حرمین شریفین کےلیے ہماری جان حاضر و قربان ہے۔ ہر پاکستانی مطالبہ کرتا ہے کہ حوثیوں کے یہ دہشتگردانہ جرائم فوری روکے جائیں اور حرمین شریفین کے تقدس کو پامال نہ کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار معروف مذہبی رہنما چیئرمین ابن عباس اسلامک ریسرچ سنٹر جہلم ڈاکٹر فیض احمد بھٹی نے "پریس کلب مصطفی آباد” میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ حرمین شریفین کے حوالے سے "دفاع مکہ” کے نام سے تین ممالک کے درمیان معاہدہ ہوا ہے۔ جس میں پاکستان، سعودیہ اور ترکی شامل ہے۔ جس کا مقصد ہی یہ ہے کہ کسی صورت بھی حرمین شریفین کی عزت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ دنیا یہ بھی اچھی طرح جانتی ہے کہ حرمین شریفین کے ساتھ ہمارا ایمانی لگاؤ ہے، دلی جذبات ہیں، اس کی حرمت اور عزت کا دفاع ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں، اس کےلیے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کر سکتے۔ ویسے بھی پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ ایک لازوال و بے مثال رشتہ ہے۔ کوئی ایسا موقع نہیں، جہاں سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ نہ دیا ہو۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کےلیے بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔ لہذا ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاہدے پر فوری عمل کیا جائے۔
ڈاکٹر فیض احمد بھٹی نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کا ذمہ اللہ نے اٹھا رکھا ہے، حرمین شریفین میں تو دجال بھی نہیں جا سکتا، یہ حوثی کیسے جا سکتے ہیں۔ تاہم پھر بھی چاہیے یہ کہ ہر شخص ہر پلیٹ فارم پر جس انداز میں بھی حرمین کے تقدس و دفاع کےلیے اپنا حصہ ڈال سکتا ہے تو اسے ڈالنا چاہئے۔ اگر کوئی آواز اٹھا سکتا ہے تو آواز اٹھانی چاہئے، کوئی وقت دے سکتا ہے تو وقت دینا چاہیے، کوئی قربانی دے سکتا ہے تو قربانی دینی چاہئے۔ پوری امت مسلمہ اور پاکستانیوں کا یہ نعرہ ہے کہ ہم حرمین شریفین کے تحفظ کےلیے ہر حد تک جائیں گے۔
مصطفی آباد: معروف مذہبی رہنما چیئرمین ابن عباس اسلامک ریسرچ سنٹر جہلم ڈاکٹر فیض احمد بھٹی پریس کلب مصطفی آباد میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

Exit mobile version