حکومت کی ناقص حکمت عملیوں اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے شعبہ زراعت تباہی کے دہانے

مستقبل پاکستان کا پنجاب حکومت سے باردانہ کی جلد فراہمی اور گندم کا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ
گندم خریداری مہم میں تاخیر سے کاشتکاروں کو درپیش مسائل بڑھتے جارہے ہیں:سید راشد حسین بخاری
حکومت کی ناقص حکمت عملیوں اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے شعبہ زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے:گفتگو
طوفانی بارشوں سے گندم کی تیار فصل شدید متاثر ہوئی ہے حکومت کاشتکاروں کے نقصانات کا ازالہ کرے:نائب صدر
حکومت نے کسانوں کو درپیش مسائل حل نہ کئے تو ملک میں موجود غذائی بحران کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائے گا
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ باردانہ کی فراہمی میں تاخیر سے گندم کے کاشتکاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،مستقبل پاکستان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ جلد از جلد باردانہ کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے کوٹے کو بھی بڑھائے تاکہ مڈل مین جو کسانوں کا معاشی استحصال کررہے ہیں وہ بند ہوسکے،حکومت کی ناقص حکمت عملیوں اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے پہلے ہی شعبہ زراعت پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اب رہی سہی کسر حکومت نے گندم خریداری مہم میں تاخیر سے شروع کر کے پوری کردی ہے،کہنے کو تو پاکستان ایک زرعی ملک ہے مگر حکمران طبقہ نے کبھی بھی زراعت پر وہ توجہ نہیں دی جو دینے کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار باردانہ کی تقسیم میں تاخیر پر تشویش اور گندم کا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہونے والی طوفانی بارشوں سے گندم کی تیار فصل شدید متاثر ہوئی ہے حکومت کاشتکاروں کے نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے ان کی مالی امداد کرے۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو درپیش مسائل حل نہ کئے تو ملک میں موجود غذائی بحران کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائے گا۔