اسلام آباد: وزیر مملکت وچیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، پائیدار معاشی ترقی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافہ کے اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔
عاطف بخاری کا سرکاری میڈٰیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کاروبار دوست پالیسیاں مرتب کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے جس سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ آئی ٹی انڈسٹری، ہائوسنگ و تعمیرات، فوڈ پراسیسنگ و زراعت، سیاحت اور لاجسٹکس جیسے پانچ اہم شعبہ جات پر خصوصی توجہ دے رہا ہے اور اس حوالہ سے پالیسی فریم ورک کی تشہیر کی جائے گی تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مختلف سیکٹرز میں حاصل سہولیات اور مراعات سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی وزارتوں کی مشاورت سے حال ہی میں الیکٹریک وہیکلز اور موبائل فونز کی تیاری کی پالیسیز مرتب کی گئی ہیں۔ ان شعبوں میں یورپی اور چینی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور کئی بین الاقوامی کمپنیاں بھی ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔
عاطف بخاری نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے بورڈ آف انوسٹمنت دن رات کوشاں ہے جس سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ۔19 کی وجہ سے متاثر ہونے والی سرگرمیوں کا دوبار آغاز کر دیا گیا ہے۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے امن و امان کی بہتر صورتحال بنیادی اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور گزشتہ دو سال میں امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔