لاہور: حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے ق لیگ کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں مشاورت سے معاملات حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہا ہر ایشو پر کھل کر بات ہوئی، مل کر آگے بڑھیں گے، چاہتے ہیں اتحاد آئندہ الیکشن تک چلے۔ پرویز خٹک نے کہا معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کرلیا۔
حکومتی کمیٹی اور مسلم لیگ ق کے مذاکرات کی اندرونی کہانی دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔ حکومتی کمیٹی نے مسلم لیگ ق کے مطالبات تسلیم کر لیے۔ ذرائع کے مطابق ق لیگ کو ترقیاتی فنڈز جلد جاری کر دئیے جائیں گے، مسلم لیگ ق کے وزرا وزارتوں کے معاملات میں با اختیار ہوں گے، کسی بھی قابل اعتراض آفیسر کی تقرری پر تحریک انصاف اعتراض کرسکے گی، اعتراض پر مسلم لیگ ق متعلقہ وزارت میں تعیناتی کے کیے نئے آفیسر کا نام دینے کی پابند ہوگی۔
ترقیاتی فنڈز کے معاملہ پر آئندہ دو روز میں فالو اپ میٹنگ اسلام آباد میں ہوگی، مسلم لیگ ق اپنے متعلقہ اضلاع میں عوامی مسائل کے حل کے لیے با آختیار ہوگی۔ بیوروکریسی کی تعیناتی مختلف کمیٹیوں میں نمائندگی اور حکومتی اداروں میں نمائندگی میں ق لیگ کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔
وفاق کے معاملات پر پرویز خٹک اور اسد عمر عمل کرو آئیں گے، پنجاب کے معاملات پر وزیر اعلی اور گورنر عمل درآمد کروانے کے پابند ہوں گے۔