جہلم: جہلم کے شہری مہنگی ادویات کے ساتھ ساتھ غیر معیاری ادویات کی فروخت سے بھی پریشان ہیں۔ شہر کے سب سے بڑے ہسپتال میں غیر معیاری ادویات کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے جس کی حکومتی سطح پر روک تھام کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
جہلم کے سب سے بڑے سرکاری سول ہسپتال میں حالات بہتر نہ ہو سکے، کبھی ادویات کی کمی تو کبھی ڈاکٹروں کی ہڑتال، اب تو بات مریضوں کی زندگی تک جا پہنچی ہے۔ ہسپتال میں غیر معیاری ادویات کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ادویات اعلیٰ اور معیاری کمپنیوں سے ہی خریدی جاتی ہیں۔
دوسری جانب عوام کا کہنا ہے کہ ادویات کی عدم فراہمی تو اپنی جگہ، ہسپتال میں غریبوں کو طبی سہولیات کے نام پر ایک وارڈ سے دوسرے وارڈ میں صرف اور صرف خواری ہی خواری ملتی ہے۔