جہلم : ضلعی انتظامیہ جہلم کی ہدایات پر ریسکیو 1122 نےدریائے جہلم پر پری فلڈ موک ایکسرسائز کا اہتمام کیا۔
جس میں ڈپٹی کمشنر کامران خان نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام اقدامات کا جائزہ لیا۔ موک ایکسرسائز میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کاشف محمود، اسسٹنٹ کمشنر جہلم ماریہ جاوید، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کوآرڈینیٹر صبور ثاقب، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر نبیل علی،ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر واجد حسین، ایکسین ایریگیگیشن اور دیگر محکمہ جات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے سیلابی صورتحال میں پیدا ہونے والے حالات پر بریفنگ دی۔جس میں سیلابی صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے فلڈ سیکٹرز کی تشکیل، ریسکیوز کی سیلاب زدہ علاقوں میں تعیناتی، ہنگامی حالات میں لوگوں کو انخلا،ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اور ان کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے جیسے اقدامات کا بتایا گیا۔ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کوآرڈینیٹر PDMA صبور ثاقب نے بطور فلڈ موک ایکسر سائز کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے ریسکیو 1122 جہلم اور تمام اداروں کی تیاری کو بھرپور انداز میں سراہا اور کہا کہ مشکل حالات میں لوگوں کی مدد کرنا آسان کام نہیں ہے لیکن ریسکیو1122 جہلم احسن طریقے سےاپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارے ریسکیو کے افسران اور جوانوں میں پبلک سروس کا جذبہ سب سے زیادہ ہے، امید کرتا ہوں کہ اس طرح کی سرگرمیاں اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس ہیلتھ، ریونیو، لوکل گورنمنٹ باہم کوآرڈینیشن کے ساتھ اسی جوش و جذبہ کے ساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ صحت، لائیو سٹاک ، سول ڈیفنس ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایریگیشن، سوشل ویلفیئر اور لوکل گورنمٹ کے سٹالز کا بھی دورہ کیا اور سیلابی صورتحال میں لوگوں کو بہترین انداز میں اپنی سروسز فراہم کرنے کی تلقین کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے اس موقع پر عوام کو پیغام دیا کہ دریا میں نہانے سے پرہیز کریں ۔تاکہ کسی بھی قسم کا جانی و مالی نقصان نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کا ادارہ عوام کی فلاح کے لئے ہےاور ہمارا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔
