جہلم( بیورو چیف )قومی قیادت اختلافات بھلا کر پاکستان کے استحکام کیلئے متحد ہو،
بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی صورتِ حال افسوسناک ہے۔
مرکزی علماء کونسل جہلم
قومی و صوبائی قیادت اختلافات بالائے طاق رکھ کر پاکستان میں امن، استحکام کیلئے متحد ہوں، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی صورتِ حال انتہائی افسوسناک ہے۔ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی موجودہ صورتِ حال اس امر کی متقاضی ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور مذہبی قیادت اپنے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور پاکستانی عوام کے تحفظ کیلئے متحد ہو کر اپنا قومی فریضہ ادا کرے۔ علماۓ کرام نے اپنے بیان میں کہا کہ ہنگو، تربت اور آزاد کشمیر کے حالیہ واقعات پوری پاکستانی قوم کیلئے افسوسناک ہیں۔ پاکستان کے معرکہِ حق میں کامیابی کے بعد ملک دشمن عناصر مزید متحرک ہو چکے ہیں اور وہ پاکستان میں نفرت، بدامنی، انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں تمام قومی طاقتوں کا ایک ٹیبل پر بیٹھنا اور باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت بن گیا ہے۔ مرکزی علماء کونسل جہلم آزاد کشمیر کی موجودہ صورتِ حال پر ایکشن کمیٹی کشمیرسے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ غیر مشروط طور پر اپنا دھرنا ختم کریں اور ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو کشمیری عوام کو پاکستان سے دور کرنے، پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اہل ِپاکستان کسی بھی صورت اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کا رشتہ ایمان، قربانی اور مشترکہ جدوجہدپر قائم ہے، جسے کسی بھی سازش کے ذریعے کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان جاری بیان بازی بھی نہ تو آزاد کشمیر کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاکستان کے قومی مفاد میں۔ دونوں جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات میڈیا کے ذریعے بڑھانے کے بجائے باہمی مذاکرات اور افہام و تفہیم سے حل کریں تاکہ دشمن قوتوں کو انتشار پھیلانے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔ علماۓ کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی علماء کونسل پاکستان ملک میں قومی یکجہتی، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی، امن و استحکام اور پاکستان کے دفاع و سلامتی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
جہلم( بیورو چیف )قومی قیادت اختلافات بھلا کر پاکستان کے استحکام کیلئے متحد ہو، بلوچستان، خیبر پختونخوا
