جہلم۔ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق جہلم کی چاروں تحصیلوں میں تحصیل کونسلز اور میونسپل کارپوریشن و میونسپل کمیٹیز کے تحت شہر میں ترقیاتی پروگرام اورکمیونٹی ڈویلپمنٹ کے تحت پراجیکٹس پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں 199سکیموں کے تحت 338 ملین سے زائد روپے کی لاگت سے کام مکمل کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے اپنے دفتر میں پی ایس ایم پی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو سکیموں پر کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ربنواز منہاس، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق احمد، ڈی او انفارمیشن عثمان سندھو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ملک اسد اور دیگر افسران موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ پی ایم ایس پی پروگرام کے تحت گلیوں اور محلوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور انکی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام شکایات کی صورت میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ دفتر سے رابطہ کریں، عوامی پیسہ عوام کے لئے خرچ کریں گے اور کوالٹی اور اہداف کے مطابق کام مکمل کروائیں گے ۔انہوں نے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو کام کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔