جہلم(عبدالرحمن قادری)دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد، ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت
جہلم: دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول نزد ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران حاجی محمد عمران عطاری نے سیرتِ مصطفیٰ ﷺ، عقیدۂ تحفظِ ختمِ نبوت، خوفِ خدا اور فکرِ آخرت کے موضوعات پر ایمان افروز سنتوں بھرا بیان کیا۔ اجتماع میں سیاسی، سماجی، صحافتی، کاروباری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات سمیت ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔
اجتماع گاہ شرکائے اجتماع سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی جبکہ دور دراز علاقوں سے بھی عاشقانِ رسول ﷺ بڑی تعداد میں اجتماع میں شریک ہوئے۔ شرکائے اجتماع نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ کے فلک شگاف نعرے بلند کیے، جن سے جہلم کی فضا درود و سلام اور محبتِ رسول ﷺ کی صداؤں سے معطر ہوگئی۔
حاجی محمد عمران عطاری نے اپنے بیان میں سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبیِ کریم ﷺ کی مبارک زندگی ہمارے لیے مکمل نمونۂ حیات ہے۔ ہمیں اپنی زندگی کے ہر شعبے میں سنتِ مصطفیٰ ﷺ کو اپنانے، آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے اور اپنے کردار و معاملات کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے خوفِ خدا اور فکرِ آخرت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو دنیاوی زندگی کے ساتھ اپنی آخرت کی بھی فکر کرنی چاہیے، کیونکہ یہ دنیا عارضی ہے جبکہ آخرت کی زندگی ہمیشہ رہنے والی ہے۔ ہمیں ہر کام کرنے سے پہلے یہ سوچنا چاہیے کہ ہمارا یہ عمل اللہ پاک کی بارگاہ میں قابلِ قبول ہوگا یا نہیں۔ اللہ پاک کا خوف انسان کو گناہوں سے بچاتا اور نیکیوں کی طرف راغب کرتا ہے، جبکہ فکرِ آخرت انسان کے کردار، معاملات اور زندگی کے انداز کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبیِ کریم ﷺ اللہ پاک کے آخری نبی ہیں، آپ ﷺ کے بعد کسی نئے نبی کی آمد کا عقیدہ اسلامی عقائد کے منافی ہے۔ مسلمانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ایمان و عقیدے کی حفاظت کریں، ختمِ نبوت کے عقیدے کو سمجھیں اور اپنی نسلوں تک اس کی اہمیت پہنچائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دعوتِ اسلامی ایک غیر سیاسی تحریک ہے جو قرآن و سنت کی تعلیمات عام کرنے، مسلمانوں کو نیکی کی دعوت دینے، خوفِ خدا اور فکرِ آخرت کا جذبہ پیدا کرنے اور انہیں سنتِ رسول ﷺ کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دینے کے لیے دنیا بھر میں دینی خدمات انجام دے رہی ہے۔ دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کا مقصد معاشرے میں محبتِ رسول ﷺ، اسلامی بھائی چارے، حسنِ اخلاق، نیکی اور آخرت کی تیاری کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
اجتماع کے دوران درود و سلام اور ذکر و اذکار کی صداؤں سے روحانی ماحول قائم رہا۔ شرکائے اجتماع نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ بیان سماعت کیا جبکہ اختتام پر حاجی محمد عمران عطاری نے خصوصی دعا کروائی۔ دعا کے دوران ملکی سلامتی، استحکام، امتِ مسلمہ کی سربلندی، دین کی خدمت کرنے والوں کی کامیابی اور تمام مسلمانوں کی بخشش و مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اجتماع میں شرکت کرنے والے عاشقانِ رسول ﷺ نے دعوتِ اسلامی کی جانب سے اس عظیم الشان اجتماع کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے دینی اجتماعات معاشرے میں نیکی، محبتِ رسول ﷺ، خوفِ خدا، فکرِ آخرت اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔
