جہلم، (عبدالرحمن قادری) سوشل میڈیا دوستی شادی کے بندھن میں بدل گئی، امریکی خاتون جہلم پہنچ گئی تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے علاقے کھیوڑہ کے 35 سالہ نوجوان عادل شہزاد کی سوشل میڈیا کے ذریعے 58 سالہ امریکی خاتون سے ہونے والی دوستی بالآخر شادی کے رشتے میں بدل گئی۔ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر تعارف کے بعد دونوں کے درمیان رابطہ بڑھتا گیا اور باہمی رضامندی سے شادی کا فیصلہ کیا گیا۔ امریکی خاتون رحسانہ مہرینہ شادی کے لیے جہلم کے علاقے کھیوڑہ پہنچ گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ اسلامی تعلیمات سے متاثر ہو کر امریکی خاتون نے کھیوڑہ کے ممتاز عالم دین قاری محمد عمران کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا، جس کے بعد نکاح کی تقریب دولہا عادل شہزاد کے گھر کھیوڑہ میں منعقد ہوئی۔نکاح کی تقریب میں دونوں خاندانوں کے افراد، قریبی عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔ دولہا کے والدین کی خواہش تھی کہ نکاح کی تقریب کھیوڑہ ہی میں منعقد کی جائے۔
ذرائع کے مطابق امریکی خاتون اپنے والدین کی اکلوتی بیٹی ہیں اور شادی کے چند روز بعد واپس امریکا روانہ ہو جائیں گی۔
امریکی خاتون کی کھیوڑہ آمد، اسلام قبول کرنے اور مقامی نوجوان سے نکاح کی خبر نے علاقے میں خصوصی توجہ حاصل کرلی۔
جہلم، (عبدالرحمن قادری)
