*پاکستان میں جسمانی تعلیم کے ایک نئے دور کا آغاز*
*جوان چیمپئنز نے پاکستان کا پہلا ترمیم شدہ اسپورٹس کریکولم متعارف کرا دیا*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) پاکستان میں جسمانی تعلیم کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے، جوان چیمپئنز نے پاکستان فزیکل ایجوکیشن سمٹ 2026 کے موقع پر ملک کا پہلا ترمیم شدہ اسپورٹس کریکولم باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا۔ اس تاریخی سمٹ میں ملک بھر سے ممتاز رہنماؤں، ماہرینِ تعلیم، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور سماجی ترقی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اہم نمائندگان نے شرکت کی۔پاکستان فزیکل ایجوکیشن سمٹ 2026 میں معزز مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے حمزہ یعقوب تابانی، پروفیسر گلاب رائے، اور نصراللہ حمزہ نے خصوصی شرکت کی۔ آج کا دن پاکستان میں فزیکل ایجوکیشن کے لیے ایک فیصلہ کن لمحہ ہے، ایس ایم فہیم بخاری، سی ای او جوان چیمپئنز نے کہا کہ یہ نصاب ہر اسکول کو، وسائل سے قطع نظر، بچوں کو حرکت کرنے، کھیلنے اور بڑھنے کا حق دینے کا عملی ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ نصاب اور سوچ میں ایک نئی تبدیلی ترمیم شدہ اسپورٹس کریکولم ایک وسیع تر وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد جسمانی تعلیم کو چند مخصوص بچوں کے لیے محدود سہولت کے بجائے ہر بچے کا بنیادی حق اور ایک جامع تعلیمی عمل بنانا ہے۔ اس حقیقت کو مدِنظر رکھتے ہوئے کہ پاکستان بھر کے اسکول مختلف سہولیات، کھیل کے میدانوں اور جگہ کی محدودیت کیساتھ کام کرتے ہیں، یہ نصاب محدود وسائل کیمطابق خود کو ڈھالنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ اسکے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ ہر طالبعلم انفراسٹرکچر کی دستیابی سے قطع نظر حرکت، کھیل اور جسمانی سرگرمی کے فوائد سے مستفید ہوسکے۔ جوان چیمپئنز کے لیے اس نصاب کا اجراء پاکستان کے نوجوانوں کے روشن اور صحت مند مستقبل میں براہِ راست سرمایہ کاری کی حیثیت رکھتا ہے۔صحت مند، پُراعتماد اور متحرک نسل کی تشکیل جوان چیمپئنز پاکستان بھر میں اسکولوں، ماہرینِ تعلیم، حکومتی نمائندگان اور ادارہ جاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک پائیدار اور مؤثر جسمانی تعلیم کے نظام کی تشکیل کے لیے کام کر رہا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد ایسی نسل کی پرورش کرنا ہے جو صحت مند، پُراعتماد، فعال اور جسمانی سرگرمیوں کے حوالے سے باشعور ہو۔ پاکستان فزیکل ایجوکیشن سمٹ 2026 اس سفر میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو اس یقین کو مزید مضبوط کرتا ہیکہ سیکھنے کا عمل صرف کلاس روم تک محدود نہیں، بلکہ میدانِ کھیل میں کردار سازی بھی ہوتی ہے۔ ابتک جوان چیمپئنز اپنے پروگرام کے ذریعے 520 اسکولوں تک رسائی حاصل کر چکا ہے، جس کے نتیجے میں 172,000 طلبہ و طالبات مستفید ہوئے، جبکہ 1,271 اساتذہ کو تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ "ہر بچہ کھیلے، ہر بچہ سیکھے، ہر بچہ کامیاب ہو۔” یہی وژن ایک ایسی نسل کی تشکیل کی بنیاد ہے جو صحت مند، پُراعتماد، متحرک اور کامیاب ہو اور پاکستان کے روشن مستقبل میں مؤثر کردار ادا کرے۔ تقریب درحقیقت پاکستان میں جسمانی تعلیم کا مستقبل، پالیسی سے عملی اقدامات، نفاذ اور حکمتِ عملی کے موضوع پر منعقد ہونے والی پینل ڈسکشن تھی، جس میں ممتاز شخصیات جن میں جناب محمد ریحان ہاشمی (پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی، سندھ)، جناب علی رضا خان (وزارتِ تعلیم)، جناب راشد قریشی (جامعہ کراچی) اور محترمہ مہوش خان (جوان چیمپئنز) مندوبین شامل تھے۔ آج پاکستان میں جسمانی تعلیم کے لیے ایک فیصلہ کن موڑ کا آغاز ہو رہا ہے ایک ایسے نصاب کے ذریعے جو عملی طور پر ہر بچے کو، وسائل کی دستیابی سے قطع نظر، حرکت کرنے، کھیلنے اور اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔”یہ نصاب اُس بچے کے لیے تیار کیا گیا ہے جسے ابھی تک کھیلنے کا موقع نہیں ملا، اور اُس استاد کے لیے بھی جو بچوں کو متاثر کرنا چاہتا ہے لیکن اس کے پاس باقاعدہ رہنمائی اور منظم طریقۂ کار موجود نہیں۔ ہم نے یہ نصاب انہی لوگوں کے لیے تشکیل دیا ہے۔” محترمہ مہوش خان نے اپنے خطاب میں فرمایا۔ انھوں نے جوان چیمپئنز پلیٹ فارم کے متعلق کہا کہ یہ ایک نمایاں منصوبہ ہے، جس کا مقصد پاکستان بھر کے اسکولوں میں منظم، جامع اور سب کے لیے قابلِ رسائی جسمانی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ جوان چیمپئنز اپنے ترمیم شدہ اسپورٹس کریکولم کے ذریعے ایسا عملی نظام فراہم کرتا ہے جو جگہ، کھیلوں کے سامان یا اساتذہ کی تربیت کی محدودیت سے قطع نظر، ہر اسکول میں قابلِ عمل ہو سکتا ہے۔
