کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے چودہ اکتوبر کو کراچی سے چترال تک یوم یکجہتی منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن فیئر ہوا تو کراچی کا میئر جماعت اسلامی سے ہوگا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے حقوق کراچی کے عنوان سے مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے لوگ مطمئن ہوتے ہیں تو ملک ترقی کرتا ہے۔ یہاں صرف مہاجر نہیں، سندھی، بلوچی، پنجابی اور گلگتی بھی رہتے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دیانت دار اور منظم جماعت کی ضرورت ہے۔ رونے دھونے سے مسائل حل نہیں ہونگے۔ کراچی کو اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہوگا۔ چودہ اکتوبر کو پورے ملک میں کراچی کی عوام کی یکجہتی کے لیے دن منائیں گے۔
حکومتی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی ایک ہی پالیسی ہے کہ مہنگائی کرکے عوام کی گردن کو مروڑا جائے۔ جماعت اسلامی کی پالیسی ہے کہ نئے یا پرانے جو بھی چور ہوں، سب کا احتساب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن پہلے سے زیادہ ہو رہی ہے۔ پہلے لوگ ناجائز اب جائز کام کے لیے بھی رشوت دے رہے ہیں۔ وزیراعظم یوٹرن لینے کے بجائے صیح راستے پر چلیں۔