*جامعہ کراچی: 20 شعبہ جات کی 1,402 نشستوں پر داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ منعقد، 6,669 امیدواروں کی شرکت*
*داخلہ ٹیسٹ میں امیدواروں کی حاضری کا تناسب 96.10 فیصد رہا*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی میں تعلیمی سال 2027ء کے مارننگ پروگرام کے تحت 20 مختلف شعبہ جات، بشمول ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ) پروگرام میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ اتوار، 11 اکتوبر 2026ء کو صبح 11 بجے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں قائم 20 امتحانی مراکز میں منعقد ہوا۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کا رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی کے ہمراہ مختلف شعبہ جات کا دورہ اور ٹیسٹ انتظامات پر اطمینان کا اظہار۔ انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اختر نے انٹری ٹیسٹ کے اختتام پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 20 شعبہ جات کی مجموعی طور پر 1,402 نشستوں پر داخلوں کے لیے 7,265 امیدواروں نے داخلہ فارم جمع کرائے، جن میں سے 6,669 امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی، جبکہ 270 امیدوار غیر حاضر رہے۔ اس طرح امیدواروں کی حاضری کا تناسب 96.10 فیصد رہا۔انہوں نے بتایا کہ 23 داخلہ فارم منسوخ کیے گئے، کیونکہ متعلقہ امیدوار انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں ناکام تھے یا ان کے داخلہ فارم نامکمل تھے۔ مزید برآں، 303 امیدواروں نے ڈاکٹر آف فارمیسی اور بیچلر پروگرام، دونوں کے لیے داخلہ فارم جمع کرائے تھے۔ ایسے امیدواروں کو صرف ڈاکٹر آف فارمیسی کا ایڈمٹ کارڈ جاری کیا گیا، تاہم ان کے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اطلاق بیچلر پروگرام کے داخلے کے لیے جمع کرائے گئے فارم پر بھی ہوگا۔پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اختر نے مزید بتایا کہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج جامعہ کراچی کی ویب سائٹ اور امیدواروں کے آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کر دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی اسسمنٹ اینڈ ٹیسٹنگ سروس (KUATS) کے تحت گزشتہ آٹھ برس سے داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس عرصے کے دوران سوالیہ پرچے کے افشا ہونے یا اس حوالے سے کسی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ ان کے مطابق، ٹیسٹنگ سروس کے طریقۂ کار اور انتظامات میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے۔جامعہ کراچی میں داخلہ ٹیسٹ کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ میڈیا بریفنگ کے دوران کراچی یونیورسٹی اسسمنٹ اینڈ ٹیسٹنگ سروس کی رکن پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک،، رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید، رئیس کلیہ نظمیات و انتظامی علوم پروفیسر ڈاکٹر زعیمہ اسرار محی الدین، رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل اور ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر سید محمد غفران سعید دیگرمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کی نگرانی اور جائزے کے سلسلے میں تمام تمام رؤسائے کلیہ جاتاپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ امتحانی مراکز کا دورہ کیا، مختلف امتحانی کمروں کا معائنہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈینز نے اپنے متعلقہ کلیہ جات میں امتحانی عمل کے انتظام و انصرام پر اطمینان کا اظہار کیا۔امیدواروں اور ان کے والدین کی سہولت کے لیے جامعہ کراچی کے تمام داخلی دروازوں پر یونیورسٹی پوائنٹس (بسوں) کی موجودگی یقینی بنائی گئی تھی، جن کے ذریعے امیدواروں کو امتحانی مراکز تک پہنچانے اور ٹیسٹ کے بعد واپس داخلی دروازوں تک لانے کی سہولت فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کے تحت واچ اینڈ وارڈ کا عملہ داخلی راستوں اور کلیہ جات کے اطراف تعینات کیا گیا تھا، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے میڈیکل افسر، طبی عملے اور ایمبولینس کی سہولت بھی موجود تھی۔
