جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات،طلباء کی مشاورتی کونسل اور سویرا کے مابین مختلف مفاہمتی یادداشتوں
*جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات،طلباء کی مشاورتی کونسل اور سویرا کے مابین مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات اور طلباء کی مشاورتی کونسل نے گزشتہ روز سویرا کے ساتھ مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور صدر سویرا ڈاکٹر یاسمین خان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ تقریب میں رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اور قائم مقام رئیس کلیہ نظمیات و انتظامی علوم پروفیسر ڈاکٹر زعیمہ اسرار محی الدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسٹوڈنٹس ایڈوائزری کونسل کے اراکین، اساتذہ شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کے اساتذہ، افسران اور سویرا کے افسران بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد کیمپس اور معاشرے کے نوجوانوں کی ذہنی صحت کو بہتر بنانا اور شعبہ نفسیات کے فیکلٹی اور طلباء کے ساتھ مل کر کمیونیٹیز میں ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا اور شعور بیدار کرنا ہے۔ جامعہ کراچی کے طلباء کی مشاورتی کونسل اپنی مختلف سوسائٹیوں کے ذریعے طلباء کو سویرا کے ساتھ منسلک کرے گی تاکہ ذہنی تندرستی کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کی جاسکے۔ دونوں مشترکہ طور پر معاشرے میں ذہنی صحت کے کلچر کو فروغ دینے اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے پروگرام کے لئے کاوشیں کریں گی۔ شعبہ نفسیات کے ساتھ ہونے والے مفاہمتی یادداشت کے مطابق سویرا اور شعبہ ہذا مشترکہ طور پر عوام کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لئے کام کرے کریں گے۔ سویرا کی جانب سے شعبہ نفسیات کے طلبہ کے لئے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے دوروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ سویرا خصوصی لیکچرز اور تربیتی سیشنز کے انعقاد کو یقینی بنائے گا اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔ سویرا کی صدر ڈاکٹر یاسمین خان نے اجلاس کو بتایا کہ ذہنی صحت سے متعلق آگاہی معاشرے کے لئے بہت ضروری ہے اور طلبہ ذہنی صحت اور تندرستی کی اہمیت کے حوالے سے اپنی آواز کو عام کرنے کے لئے اچھے سفیر ثابت ہوسکتے ہیں۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے بتایا کہ شعبہ نفسیات اور چند دیگر شعبہ جات صحت مند طرز زندگی کے لئے ذہنی صحت کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے کافی کام کررہے ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ جامعہ کراچی مختلف اداروں کے ساتھ معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں حصہ لے رہی ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کے بعد دنیا بھر میں ذہنی صحت پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی اور اس حوالے سے دنیا بھر میں بہت تیزی سے کام ہورہا ہے لیکن بدقسمتی سے پسماندہ ممالک کو ذہنی صحت کے مسائل اور لوگوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لئے اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔