*جامعہ کراچی: شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام قومی نمائش اور سیمینار کا انعقاد*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ تعلیم کے زیراہتمام چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں پہلی قومی نمائش اور سیمینار بعنوان: "کیریئر ہوریزونز: پروفیشن ٹو پیشن” کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار اور نمائش میں کراچی شہر کی نجی اور سرکاری جامعات کے اساتذہ و طلبہ سمیت کالجز اور مختلف اداروں کے تعلیمی ماہرین اور تعلیم کے شعبہ سے متعلق حکومتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ سیمینار اور نمائش میں مختلف تعلیمی اسٹیک ہولڈرز، کمپنیز، اداروں، تعلیمی این جی اوز نے اپنے اسٹالز لگا کر اپنے کاموں کو پیش کیا۔ نمائش کا افتتاح پروگرام کے منتظمین، شعبہ تعلیم جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر معروف بن روف اور ڈاکٹر عزیز النساء نے کیا۔ شرکاء نے نمائش میں موجود مختلف اداروں کیجانب سے لگائے جانے والے اسٹالز کا دورہ کیا اور اپنی سی ویز جمع کرائیں جنکو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اداروں کیجانب سے سی ویز جمع کرانے والے طلباوطالبات کو انٹرن شپ، اسکالرشپس اور ملازمتیں آفر کی گئیں۔ اس موقع پر پینل کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ (ڈائریکٹر سندھ ایجوکیشن پالیسی کمیشن)، ڈاکٹر ساجد علی (ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلیکیشنز، دی آغا خان یونیورسٹی)، جناب شہزاد قمر (ڈائریکٹر اطالیق پاکستان)، ڈاکٹر امتیاز احمد (اسسٹنٹ پروفیسر، ٹیچرز ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ) نے بطور مہمان مقرر شرکت کی اور طلبہ کو شعبہ تعلیم میں مستقبل کی ضرورتوں اور جہتوں سے واقفیت دلانے کے ساتھ انہیں اپنی صلاحیتوں کو سمجھنے اور اس سے متعلق معاش کو حاصل کرنے کے حوالے سے رہنمائی کی۔ سیمینار کا تیسرا اور آخری سیشن مہمان خصوصی جناب سید رسول بخش شاۃ (ڈائریکٹر سندھ اسٹیڈا) کی زیر صدارت منعقد کیا ہوا، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ سجاد (وائس چانسلر میٹرو پولیٹن یونیورسٹی) نے بطور کی نوٹ اسپیکر کے شرکت کی اور مہمانان اور منتظمین میں سرٹیفیکیٹ اور شیلڈز کی تقسیم کی۔ سید رسول بخش شاہ نے طلبہ کو مستقبل کی تعلیم مدنظر رکھ کر اپنی تعلیم کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اپنے ادارے (اسٹیڈا) کیجانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سیمینار میں شامل تمام اداروں کیجانب سے شعبہ تعلیم کے طلبہ کیلئے انٹرنشپس اور اسکالرشپس کیساتھ مختلف تحقیقی پروجیٹس میں مشترکہ طور پر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی گئی۔
