جامعہ علوم اثریہ جہلم کا 43واں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و تقریب بخاری 11اکتوبر کو ہو گا۔ حافظ عبدالحمید عامر
کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے حافظ عبدالحمید عامر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔
جہلم(محمدزاہدخورشید) جامعہ علوم اثریہ جہلم کا 43واں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و انعامات و تقریب بخاری زیر صدارت رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر مورخہ 11 اکتوبر بروز اتوار کو منعقد ہوگا۔ کانفرنس کے انتظامات کو مثالی اور حتمی طور پر منظم کرنے کے لیے جامعہ علوم اثریہ کے احاطے میں ایک اہم اور تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر نے کی۔اجلاس میں سالانہ جلسے کے کامیاب اور پروقار انعقاد کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور تمام اہم ذمہ داریاں جامعہ کے تجربہ کار اساتذہ کرام اور متحرک طلبہ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ تفصیلی مشاورت کے بعد تمام ڈیوٹیوں اور ان کے نگرانوں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ جامعہ کا سالانہ جلسہ اور تقریب بخاری ایک مقدس اور عظیم الشان علمی و تبلیغی سرگرمی ہے۔ ہمیں گزشتہ سالوں کی کارکردگی اور رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال یہ پختہ عہد کرنا ہوگا کہ تمام انتظامات کو پہلے سے بھی زیادہ بہتر، منظم اور مثالی بنایا جائے۔انہوں نے تمام ذمہ داران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنی ڈیوٹیاں انتہائی تندہی اور ذمہ دارانہ طریقے سے نبھائیں۔ اجلاس میں تاکید کی گئی کہ ملک بھر سے آنے والے مہمانوں، علمائے کرام اور شرکائے جلسہ کو بہترین طعام اور قیام کی سہولیات فراہم کی جائیں ،تاکہ وہ جامعہ سے ایک خوشگوار پیغام لے کر لوٹیں۔ اجلاس کے اختتام پر کانفرنس کی کامیابی کی خیر و برکت کے لیے دعا کی گئی۔
