اسلام آباد:احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ آصف زرداری کو آج حاضری سے استثنیٰ مل گیا۔
احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آصف علی زرداری کو 11 جون کو طلب کرلیا۔ جج احتساب عدالت نے کہا آصف علی زرداری کو صرف آج کی حاضری سے استثنی دے رہا ہوں، آئندہ سماعت پر آصف علی زرداری ہر صورت عدالت پیش ہوں۔
قومی احتساب بیورو نے یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا نواز شریف، آصف زرداری کو ان کی رہائشگاہوں پر سمن وصول کرائے، انور مجید ہسپتال میں زیر علاج ہیں، وہاں سمن وصول نہیں کیے گئے۔
احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے توشہ خانہ کیس کے ملزمان کو 11 جون کو پھر طلب کرلیا۔ جج نے کہا نواز شریف، آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی 11 جون کو ہر صورت پیش ہوں۔