اسلام آباد: کارگو ٹرین آپریشن 4 مارچ سے استنبول سے شروع ہوگا، ٹرین براستہ ایران 19 مارچ کو تقریباً چھ ہزار کلومیٹر کا سفر کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچے گی۔
خیال رہے کہ اس کارگو ٹرین آپریشن کو 2011ء سے بندش کا سامنا تھا۔ 19 مارچ کو ٹرین کا پرتپاک استقبال کرنے کی بھرپور تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا جائے گا جس کے مہمان خصوصی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی ہونگے۔
اس حوالے سے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کارگو ٹرین کے ذریعے 750 میٹرک ٹن سامان کی ترسیل کرنے کی گنجائش ہوگی۔ یہ پیشرفت پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان دوستی کی علامت ہے۔
مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ کارگو ٹرین آپریشن کی بحالی سے سامان کی نقل وحمل میں آسانی ہوگی۔ برآمد گنندگان کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتا ہوں۔