راولپنڈی: بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کوٹ کوٹیرا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، بھارتی فورسزکی فائرنگ سے پاک فوج کا نائیک دلفراز شہید ہو گیا۔ 34 سالہ نائیک دلفراز شہید کا تعلق مظفر آباد کے علاقے پنج کوٹ سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھی دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، پاکستان آرمی کی فائرنگ کے نتیجے میں بھارت کے بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ، سپاہی نور اللہ اور وسیم علی شہید
یاد رہے کہ 23 ستمبر کو بھی آئی ایس پی آر کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان جام شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے دیوا سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 29 سالہ سپاہی نور الحسن اور 25 سالہ وسیم علی جام شہادت نوش کر گئے۔