وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ مچھ میں قتل کیے جانے والوں کی میتیں دفنائیں آج ہی کوئٹہ آجاؤں گا، میتوں کی تدفین کے لئے وزیراعظم کو بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔
اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے قیام کی اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جتنا ظلم ہزارہ برادری پرہوا پاکستان میں کسی کمیونٹی پر نہیں ہوا، مختلف سانحات میں ہزارہ کمیونٹی کے پاس گیا ان کاخوف بھی دیکھا ہوا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 11 کان کنوں کا مچھ کے علاقے میں قتل پاکستان میں انتشار پھیلانے کی بھارتی سازش کا حصہ ہے، نائین الیون کے بعد ہزارہ کمیونٹی کوظلم وستم کانشانہ بنایاگیا۔
سانحہ مچھ پر وزیرداخلہ شیخ رشید سمیت تین وفاقی وزراء کو کوئٹہ بھیجا، جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی یہ بتانا تھا کہ حکومت پوری طرح ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے،ہزارہ برادری کے تمام مطالبات تسلیم کر چکے، ہزارہ کمیونٹی کا ایک ہی مطالبہ ہےکہ وزیراعظم جب تک آئے گا نہیں توہم تدفین نہیں کریں گے۔
وزیراعظم نے ہزارہ برادری کے اکابرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ شہداء کو دفنائیں میں آج ہی کوئٹہ آجاؤں گا، لیکن تدفین کو وزیراعظم کے آنے سے مشروط کرکے بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔ آپ کسی ملک کے وزیراعظم کواس طرح بلیک میل نہیں کرسکتے کہ وزیراعظم آئےگا تو میتوں کی تدفین کریں گے۔