BBC Urdu TV

بلاول بھٹوزرداری کا کراچی پریس کلب کا دورہ، مجلس عاملہ کی جانب سے اعزازی رکنیت دینے کا اعلان

*بلاول بھٹوزرداری کا کراچی پریس کلب کا دورہ، مجلس عاملہ کی جانب سے اعزازی رکنیت دینے کا اعلان*

* نظام کی بحالی نئے صوبوں سے نہیں، سیاسی ری سیٹ اور گرینڈ ڈائیلاگ سے ممکن ہے، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی*

*سیاسی قیدیوں کی رہائی، اپوزیشن کا اعتماد بحال اور انتقامی کارروائیاں بند کرنا ہوں گی، پیکا ایکٹ سمیت صحافیوں کے مسائل پارلیمان میں اٹھائیں گے؛ بلاول بھٹو*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے سیاسی اور جمہوری نظام کی بحالی نئے صوبوں کے قیام سے نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ، وسیع تر مشاورت اور تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اعتماد کی بحالی سے ممکن ہے۔ اس مقصد کے لیے سیاسی قیدیوں کی رہائی، مولانا فضل الرحمان اور پاکستان تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتوں کا اعتماد بحال کرنے اور انتقامی کارروائیاں بند کرنے کی ضرورت ہے۔ آزادی صحافت کے بغیر جمہوری نظام مضبوط نہیں ہوسکتا، پیکا ایکٹ سمیت صحافیوں کو درپیش قانونی اور پیشہ ورانہ مسائل پر میڈیا ادارے اپنی تجاویز مرتب کریں، پیپلز پارٹی پارلیمان، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں صحافیوں کی آواز بنے گی۔منگل کو کراچی پریس کلب کے پروگرام ”میٹ دی پریس“ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی، معاشی اور جمہوری بحران سے گزر رہا ہے۔ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے، لوگوں کو روزمرہ ضروریات، بچوں کی تعلیم اور بزرگوں کے علاج معالجے کے درمیان انتخاب کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے حالات میں سیاسی قیادت کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے ملک میں عوامی مشکلات کے بجائے سیاسی تقسیم، نفرت اور اختیارات کی کشمکش پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام خودبخود خراب نہیں ہوا بلکہ اسے خراب کیا گیا ہے، اس لیے اس کی اصلاح کے لیے سیاسی اور جمہوری راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ پارلیمان، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور میڈیا سمیت تمام قومی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ وہ سب سے پہلے پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ میں اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کریں گے، جس کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں، حکومت کے اتحادیوں اور پارلیمان میں موجود اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر گرینڈ ڈائیلاگ یا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی کوشش کی جائے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں صحافیوں نے جمہوریت، آزادی اظہار اور عوامی حقوق کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافیوں کی اصل طاقت ان کا قلم اور آواز ہے، جو بندوق اور گولی سے زیادہ مو¿ثر ہے۔ میڈیا معاشرے میں چیک اینڈ بیلنس کا بنیادی ادارہ ہے، اگر میڈیا کمزور ہوگا تو جمہوری نظام بھی مضبوط نہیں رہ سکے گا۔انہوں نے کہا کہ آج صحافتی اداروں کا کام جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور صحافی معاشی و پیشہ ورانہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کراچی کے ایک نجی ٹی وی چینل سے پہلے 25 صحافیوں کو فارغ کیا گیا جبکہ اب مزید 25 صحافیوں کی ملازمتیں ختم ہونے کی اطلاعات ہیں، اس طرح 50 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ صحافیوں کے معاشی تحفظ اور ملازمتوں کا تحفظ بھی آزادی صحافت کے لیے ضروری ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کراچی پریس کلب اور میڈیا نمائندوں سے کہا کہ وہ آزادی صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور انہیں درپیش قانونی و پیشہ ورانہ مسائل کے حوالے سے اپنی تجاویز مرتب کریں۔ پیکا ایکٹ سمیت ایسے قوانین اور قانونی طریقہ کار کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے جن کے حوالے سے صحافتی حلقوں کو تحفظات ہیں، تاکہ آزادی اظہار اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی صحافیوں کی تجاویز کو پارلیمان میں اٹھائے گی اور قومی اسمبلی و سندھ اسمبلی میں ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صحافت کو دباو¿ سے آزاد ہونا چاہیے اور صحافیوں کو عوامی مسائل اجاگر کرنے پر مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ میڈیا کی آزادی محض صحافیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پورے معاشرے اور جمہوری نظام کے مفاد کا معاملہ ہے۔نئے صوبوں کے قیام اور سندھ کی تقسیم سے متعلق سوالات کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خواہشات، آئین اور قانون کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، تاہم کسی صوبے کو عوام کی مرضی کے خلاف زبردستی تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سندھ اسمبلی اس معاملے پر متعدد مرتبہ قراردادوں کے ذریعے اپنا واضح مو¿قف دے چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ اس سے معاشرتی تقسیم، نفرت اور تصادم کو ہوا مل سکتی ہے۔ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈوالہیار اور نواب شاہ سمیت پورے سندھ کے عوام اس کے اثرات سے متاثر ہوں گے۔ ماضی میں یہ شہر اور صوبہ لسانی بنیادوں پر تشدد اور خونریزی کے مشکل حالات دیکھ چکے ہیں، وہ دوبارہ ایسی صورت حال پیدا ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے عوام نے اپنی شناخت اور صوبائی حیثیت کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔ ممبئی پریذیڈنسی سے سندھ کی علیحدگی کی تحریک سے لے کر ون یونٹ کے خلاف مزاحمت تک سندھ کے عوام نے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ءکے آئین میں تمام صوبوں کے حقوق اور حیثیت کو تسلیم کیا، پیپلز پارٹی اس تاریخی جدوجہد کو نظرانداز نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی، قانونی اور جمہوری طریقہ اختیار کرنا ہوگا۔ ریفرنڈم کے نام پر آئین میں موجود طریقہ کار سے ہٹ کر کوئی راستہ اختیار نہیں کیا جا سکتا۔ پیپلز پارٹی کسی بھی غیر آئینی اقدام کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں۔ اگر پنجاب اسمبلی عوامی خواہشات کے مطابق جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کرتی ہے تو پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرے گی کیونکہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام پارٹی کے منشور کا حصہ رہا ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق کی بھی حمایت کرتے ہیں۔18ویں آئینی ترمیم، این ایف سی ایوارڈ اور صوبائی وسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبوں کو بااختیار بنانے کے لیے 18ویں ترمیم منظور کی گئی تھی، تاہم آج بھی بہت سے اختیارات اور ادارے مکمل طور پر صوبوں کو منتقل نہیں کیے گئے۔ صوبوں کو ان کے جائز مالی وسائل بھی پوری طرح فراہم نہیں کیے جا رہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ رواں مالی سال سندھ وفاقی حکومت کو تقریباً 585 ارب روپے اضافی مالی معاونت فراہم کر رہا ہے، جبکہ قومی سلامتی اور قومی مفادات کے لیے بھی صوبے اپنے وسائل سے تقریباً 260 ارب روپے فراہم کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی اور دیگر مالی وسائل کی مد میں بھی صوبوں کو ان کا جائز حصہ نہیں مل رہا، جس سے صوبائی ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اگر صوبوں کے وسائل اپنے پاس رکھے گی تو پھر صوبائی حکومتوں سے یہ سوال نہیں کرنا چاہیے کہ سڑکیں کیوں ٹوٹ رہی ہیں، اسکول کیوں نہیں بن رہے اور صحت کا نظام کیوں کمزور ہے۔ صوبوں کو ان کے آئینی حقوق اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ عوام کی بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ قدرتی وسائل اور نایاب زمینی معدنیات کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کا آئینی اختیار موجود ہے، تاہم بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔کراچی میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور امن و امان کی صورت حال سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قانون و امن کا مسئلہ سندھ حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ کچے کے علاقوں اور شمالی سندھ میں اغوا برائے تاوان کے خلاف پولیس اور صوبائی حکومت کی کوششوں سے حالات میں بہتری آئی ہے، تاہم کراچی سمیت شہری علاقوں میں اسٹریٹ کرائم اب بھی سنگین مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم صرف امن و امان کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے ساتھ معاشی حالات بھی جڑے ہوئے ہیں۔ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے باعث معاشرے میں مایوسی بڑھ رہی ہے، جس کے اثرات جرائم کی صورت میں بھی سامنے آتے ہیں۔ منظم جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور مزید اقدامات کیے جائیں گے، تاہم بنیادی معاشی مسائل حل کیے بغیر اسٹریٹ کرائم کے مکمل خاتمے میں مشکلات رہیں گی۔سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ کا المیہ ہے کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے، اسے کسی نہ کسی مرحلے پر جیل جانا پڑتا ہے۔ اگر ہر وزیراعظم کو جیل جانا ہے تو اس پر غور کرنا ہوگا کہ آیا تمام وزرائے اعظم مجرم ہیں یا وہ سیاسی انتقام کا شکار ہوتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو درپیش بعض مشکلات سیاسی مخالفت کی وجہ سے ہیں جبکہ بعض اس کی اپنی سیاسی غلطیوں اور اقدامات کا نتیجہ بھی ہیں۔ وہ ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جہاں کسی وزیراعظم کو اقتدار کے بعد جیل نہ جانا پڑے اور سیاسی اختلافات کو انتقامی کارروائیوں کے بجائے جمہوری طریقے سے حل کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کے ارکان کو آزادانہ طور پر اپنا مو¿قف پیش کرنے اور قانون سازی میں حصہ لینے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ کسی رکن پارلیمان کو یہ خوف نہیں ہونا چاہیے کہ وہ کسی بل پر ووٹ دے گا یا تقریر کرے گا تو اس کے خلاف نیب کی کارروائی شروع ہو جائے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابی عمل پر اعتماد کی بحالی کے لیے انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ماضی میں انتخابی نشان اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایسے اقدامات کیے گئے جن سے اپوزیشن کے اعتماد کو نقصان پہنچا۔ حکومت کو چاہیے کہ اپوزیشن کی مخصوص نشستیں واپس دینے پر بغیر کسی پیشگی شرط کے غور کرے تاکہ جمہوری نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لیے مثبت پیش رفت ہوسکے۔احتساب کے نظام پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے، لیکن احتساب کے اداروں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ احتساب کا مقصد کرپشن کا خاتمہ ہونا چاہیے، سیاسی انتقام نہیں۔ حقیقی احتساب کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، جبکہ احتساب کا دائرہ سیاست دانوں کے ساتھ بیوروکریسی اور دیگر متعلقہ افراد تک بھی یکساں ہونا چاہیے۔عدالتی اصلاحات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسا عدالتی نظام ہونا چاہیے جس پر حکومت، اپوزیشن، وکلا، جج صاحبان اور عوام سب کا اعتماد ہو۔ 26ویں آئینی ترمیم میں مولانا فضل الرحمان کے ذریعے اپوزیشن کی تجاویز شامل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم 27ویں آئینی ترمیم وسیع سیاسی اتفاق رائے کے بجائے عددی اکثریت سے منظور ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں عدالتی اصلاحات کے لیے پی ٹی آئی، دیگر اپوزیشن جماعتوں، وکلا اور عدلیہ سے مشاورت ضروری ہے۔بلوچستان کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی ایک سنگین مسئلہ ہے، تاہم اس کے ساتھ معاشی مشکلات کو بھی حل کرنا ہوگا۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے باعث بلوچستان کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایران اور افغانستان کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹوں نے بھی عوام اور کاروباری طبقے کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف وفاقی حکومت سے تعاون کے لیے تیار ہے تو حکومت کو دوبارہ اس سے رابطہ کرنا چاہیے۔ گورنر راج کو مستقل حل نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ سیاسی مذاکرات کے ذریعے صوبے میں منتخب حکومت کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جہاں انہیں کلب کی جانب سے اعزازی رکنیت دینے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، شازیہ مری، شرجیل انعام میمن، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب، شرمیلا فاروقی، امداد پتافی، جمیل سومرو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ نے بلاول بھٹو زرداری کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور آزادی اظہار رائے کے لیے آواز بلند کرتے رہنے کی درخواست کی۔ اجلاس میں نائب صدر دلشاد کھوکھر، سیکریٹری اسلم خان، نائب سیکریٹری فاروق سمیع، خازن عمران ایوب اور مجلس عاملہ کے ارکان جاوید مہر، فرید عالم اور عبدالجبار ناصر نے شرکت کی۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے قائم مقام صدر جاوید مہر اور سیکریٹری اسلم خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ جمہوریت، آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کراچی پریس کلب کے دوروں اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ سیکریٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے صحافیوں کو الاٹ کیے گئے پلاٹس کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے، لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے معاملات کا جائزہ لینے اور پلاٹس کے بقایا چالان جلد جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کو پلاٹس کی الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہوچکا ہے، تاہم ترقیاتی کاموں میں مزید پیش رفت کی ضرورت ہے تاکہ صحافی اپنے گھروں کی تعمیر کا خواب پورا کرسکیں۔انہوں نے کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے، کلب کے تقریباً 1800 ارکان اور عملے کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی فنڈز، صحافیوں کے علاج اور بچوں کی تعلیم کے لیے مستقل انڈومنٹ فنڈ کے قیام اور بے روزگار صحافیوں کی معاونت کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی پالیسی بنانے پر بھی زور دیا۔اسلم خان نے کہا کہ صحافیوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا نظام بنایا جائے تاکہ وہ اپنی محدود آمدنی کے باوجود الاٹ شدہ پلاٹس پر گھر تعمیر کرسکیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ کراچی پریس کلب کے مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت کے متعلقہ وزرا، محکموں کے افسران اور پریس کلب کی قیادت پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کی جائے، جسے تمام معاملات حل کرنے کے لیے باقاعدہ ٹائم فریم دیا جائے۔میٹ دی پریس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کے اختتام پر کراچی پریس کلب کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کراچی پریس کلب کی دعوت اور صحافیوں سے ملاقات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز اور مسائل کو پارلیمان میں اٹھانے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

Exit mobile version