اسلام آباد: نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عیدالفطر پر عوام کو 5 روز کی چھٹیاں دینے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی شہری بروز پیر 10 مئی سے 15 مئی بروز ہفتہ تعطیلات گزار سکیں گے۔
یہ اہم فیصلہ وفاقی وزیر برائے بہبود آبادی اور نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
خیال رہے اس سے قبل وفاقی حکومت نے عیدالفطر پر تمام سرکاری اور پرائیوٹ ملازمین کو پانچ تعطیلات دینے کا فیصلہ کیا تھا، اس بات کا اعلان وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے کیا گیا۔
این سی او سی نے وزارت داخلہ سے سفارش کی تھی کہ 10 سے 16 مئی تک عیدالفطر کی چھٹیاں دی جائیں۔ ادھر حکومت نے 8 مئی سے 16 مئی تک تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عید تعطیلات کے دوران بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔
این سی او سی کی ہدایت پر وزارت داخلہ کی جانب سے سرکلر جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق عید کی چھٹیوں میں سیاحتی مقامات، پبلک پارکس، ہوٹلز بند رہیں گے۔ صرف گلگت بلتستان کے شہریوں کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔ شمالی علاقہ جات، مری، سوات، گلیات، سی ویو جانے والے راستے بند رہیں گے۔
اعتکاف، شب قدر، نماز عید سے متعلق ایس او پیز بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عید تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔