اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی اور کڑی شرط پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے، 20 لاکھ روپے مالیت کا سونا، زیورات، جواہرات یا قیمتی پتھر خریدنے اور بیچنے والوں کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے گا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے منی لانڈرنگ روکنے کیلئے نیا ضابطہ جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق اکاونٹ کمپنیوں، پراپرٹی ایجنسیز، جیولرز کو 3 طرح کا ریکارڈ جمع کروانا ہوگا، جیولرز کو 20 لاکھ سے زائد کی خریداری پر خریدار کے شناختی کارڈ و دیگر تفصیلات فراہم کرنا ہونگی۔
مختلف کمپنیوں کو کاروبار کے بینی فشل اونر کا پورا نام اور پتہ بتانا ہوگا، کاروبار کے آغاز سے ترسیلات کی تمام تر تفصیلات رکھنا ہوں گی جو ضرورت پڑنے پر فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ طلب کر سکتا ہے اور ضابطے کی خلاف ورزی پر اینٹی منی لانڈرنگ قانون کے تحت کاروائی ہوگی۔