ایران کے معاملے پر صدر ٹرمپ کی توقعات کے مطابق عمل کیلئے تیار ہیں۔امریکی وزیر دفاع
ایران کے پاس معاہدہ کرنے کا موقع موجود تھا، تا ہم اسے اپنی جوہری صلاحیت میں اضافہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔پیٹ ہیگسیتھ کی میڈیا سے گفتگو
واشنگٹن(نمائندہ فضل خان)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کی سمت پیش رفت سے سختی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا تمام ممکنہ آپشنز استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس معاہدہ کرنے کا موقع موجود تھا، تاہم اسے اپنی جوہری صلاحیت میں اضافہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔پیٹ ہیگسیتھ کے مطابق محکمہ دفاع ایران کے معاملے پر صدر ٹرمپ کی توقعات کے مطابق اقدامات کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور صدر جو بھی فیصلہ کریں گے پینٹاگون اس پر عمل درآمد کرے گا۔واضح رہے کہ امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنا بحری بیڑہ تعینات کر دیا ہے۔ ایک روز قبل امریکی صدر نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بحری بیڑہ پوری طاقت اور واضح مقصد کے ساتھ تیزی سے ایران کی جانب بڑھ رہا ہے۔دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صدر ٹرمپ کی دھمکی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں اور وہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
