اہم خبریںپاکستان

اپوزیشن کیساتھ این آر او کے علاوہ ہر چیز پر بات ہو سکتی ہے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کیساتھ این آر او کے علاوہ ہر چیز پر بات چیت ہو سکتی ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دے گی تو نئے الیکشن کرائیں گے۔ اپوزیشن پراعتماد ہے تو میں بھی پراعتماد ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے کہ اپوزیشن کو بیرون ملک سے سپورٹ حاصل ہے۔ کچھ ممالک پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلم ممالک کو غیر مستحکم کیا گیا، پاکستان میں بھی ایسا کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے بات چیت شروع کریں تو ان کے رہنما اپنے مقدمات لے کر بیٹھ جاتے ہیں۔ اپوزیشن نیب کا خاتمہ چاہتی ہے تاکہ ان کے کیسز ختم ہو جائیں۔

عمران خان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے پاس نہ جانے کو اپنی سب سے بڑی غلطی تسلیم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس بروقت نہ جانا سب سے بڑی غلطی تھی۔ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس 10 مہینے تاخیر سے نہیں جانا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپریل 2021ء میں سینیٹ الیکشن کے بعد بلدیاتی الیکشن کرائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیوروکریسی کی پرانی سیاسی وابستگی کی وجہ سے پنجاب میں مسائل ہیں۔ چالیس لیگی ارکان سرکاری زمینوں پر قابض ہیں۔

عالمی وبا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس خطرناک ہوتا جا رہا ہے، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ مزید کیا تباہی پھیلائے گا۔ اس موقع پر اپوزیشن انتشار پھیلانا چاہتی ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم طاقت کا استعمال کریں لیکن حکومت طاقت کا استعمال نہیں کریگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے فوج کی جانب سے ہر پالیسی پر مکمل حمایت حاصل رہی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ اسمبلی میں سوالات کا جواب دوں لیکن مجھے بات بھی نہیں کرنے دی جاتی۔ ہم اپوزیشن سے سوائے احتساب کے ہر موضوع پر بات کر سکتے ہیں۔

MKB Creation

Mehr Asif

Chief Editor Contact : +92 300 5441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

MKB Creation
Back to top button

I am Watching You