راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچے جہاں انہوں نے کویتی نائب وزیراعظم سمیت اہم عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کویتی نائب وزیراعظم احمد منصور الاحمد الجبر الصباح، وزیر دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں علاقائی امن واستحکام کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ کویتی سیاسی اور عسکری قیادت نے انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستانی قوم اور فوج کی کامیابیوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف اور کویتی قیادت کے درمیان ملاقاتوں میں باہمی سیکیورٹی، دفاعی تعاون، دفاعی پیداوار، تربیت اور افرادی قوت میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔