جہلم۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر جہلم میں کینسر کا عالمی دن منایاگیا،جس میں پولیس ملازمین کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے خون دیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر منگل کو پولیس لائنز میں سندس فائونڈیشن کی معاونت سے کینسر کے عالمی دن کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن سید حماد عابد، ارکان پنجاب اسمبلی راجہ یاور کمال خان، چوہدری ظفر اقبال،چوہدری شہباز حسین،ڈی ایس پی سٹی سرکل شاہد صدیق،ایس پی انویسٹی گیشن کے علاوہ پولیس افسران و ملازمین نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی راجہ یاور کمال خان ،ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن سید حماد عابد اور سندس فائونڈیشن کے انچارج میر فضل عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کینسر کے مریضوں کی موجودہ تعداد 2018کے سروے کے مطابق اس وقت آٹھ ہزار ہے جبکہ ہماری فائونڈیشن تھلسیمیا اور کینسر کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے ممکنہ اقدامات کررہی ہے جبکہ جہلم کے جو کینسر کے مریض ہیں وہ آج اس تقریب میں موجود ہیں انہوں نے کہاکہ ہم نے بحیثیت قوم ان کینسر کے مریضوں کو اپنا خون دیکر ناصرف اپنے رب اور ضمیر کو راضی کرنا ہے بلکہ اس نیکی کے کام میں شامل ہو کر ہم نے ان کی دعائیں لینی ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے کہاکہ ہم اس مہم کو سکولز اور کالجز کی سطح پر روشناس کروا کر نا صرف اس میں خود شامل ہوگے بلکہ یہ ہم اپنا قومی فریضہ ادا کرینگے۔کیونکہ یہ ایک نیک کام بھی ہے اور عبادت بھی جسے پورا کرنا ہم سب کا فرض ہے اس موقع پر پولیس افسران اور پولیس ملازمین نے خون کے عطیات جوش و خروش سے دیئے۔