*امیر حلقہ اشرفیہ پاکستان صاحبزادہ سید محی الدین محمد اشرف الجیلانی کا دورہ اردو لغت بورڈ، کراچی*
*اردو لغت بورڈ جیسے اداروں کا قائم رہنا تہذیبی ورثے کی حفاظت کیلئے ضروری ہے، صاحبزادہ سید محی الدین محمد اشرف الجیلانی*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) رواں ماہ میں حضرت مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی ؒ کے عرس کی تقریبات کے سلسلے میں انگلستان سے پاکستان تشریف لانے والے امیر حلقہ اشرفیہ پاکستان صاحبزادہ سید محی الدین محمد اشرف الجیلانی نے اپنے کراچی میں قیام کے دوران گزشتہ روز اردو لغت بورڈ کراچی کا دورہ کیا۔ آپ کی آمد پر انچارچ اردو لغت بورڈ نے وصی اللہ خان، یوسف علی، فیصل وقار، محمد ریاض، ندیم الدین، محمد ارشد، سید عاقب علی، محمد مہروز، دانش عزیز، محمد یعقوب، سید عامر علی و دیگر اراکین ادارہ کے ہمراہ استقبال کیا۔ وصی اللہ خان، افسر حسابات نے مہمان گرامی کو گلدستہ پیش کیا اور طارق بن آزاد نے ادارے کی تاریخ اور کارکردگی سے آگاہ کیا۔ امیر حلقہ اشرفیہ پاکستان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اردو لغت بورڈ جیسے علمی و تاریخی ادارے ہماری شناخت ہیں، جو کہ صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ دنیا بھر میں اردو بولنے والوں کیلئے باعث افتخار ہیں۔
انھوں نے فرمایا کہ ادبی اداروں کا وجود کسی بھی قوم اور ملک کا تشخص ہوتے ہیں، انکا قائم رہنا تہذیبی ورثے کی حفاظت کیلئے ضروری ہے۔ انگلستان اور دیگر ممالک میں اس طرز کے اداروں کی تاریخ صدیوں پر محیط ہے۔ صاحبزادہ سید محی الدین محمد اشرف الجیلانی صاحب کی خدمت میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان کی جانب سے اردو لغت بورڈ کی مطبوعات کا تحفہ پیش کیا گیا، جس میں اردو لغت جلد اول کی جدید و نستعلیق اشاعت، فرہنگ انیس کی اشاعت دوئم اور فرہنگ تصوف شامل تھیں۔
مطبوعات کو ملاحظہ کرتے ہوئے امیر حلقہ اشرفیہ نے کام اور طباعت کے معیار کو سراہا اور مختلف منصوبوں میں ادارے کی تکنیکی معاونت پر محمد زکریا شیخ الاشرفی کی حوصلہ افزائی کی۔ صاحبزادہ سید محی الدین محمد اشرف الجیلانی نے روانگی سے قبل ادارے کے محفوظ مستقبل و ملازمین کے حق میں خصوصی دعا فرمائی اور بین الاقوامی سطح پر اردو زبان کی ترویج و اشاعت کے سلسلے میں اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
