لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ امدادی پیکج اعلانات تک محدود ہیں، اب تک کسی کو ایک روپیہ نہیں ملا۔ بجلی اور گیس بلوں کی معافی کا فوری اعلان کیا جائے۔
سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور عملہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹرز کے مشورے سے ایک نیا کوڈ آف کنڈیکٹ بنانے کی ضرورت ہے۔ انھیں معیاری پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹس (پی پی ای) دیئے جائیں۔
امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ حکومت ٹائیگرز کیلئے خطیر رقم خرچ کرکے چار لاکھ شرٹس بنوا رہی ہے۔ یہی رقم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حفاظت کیلئے خرچ کی جا سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ دہاڑی دار مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔ حکومت روزانہ امدادی پیکج کے اعلانات کرتی ہے مگر ابھی تک کسی کو ایک روپیہ نہیں ملا۔ حکومت فوری طور پر بجلی اور گیس کے بلوں کی معافی کا اعلان کرے جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے اور چینی سمیت اشیائے خورونوش کی دستیابی کو یقینی بنائے۔