اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کیسز کی کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔اسکروٹنی کمیٹی کوہدایت کی گئی ہے کہ ہفتے میں تین مرتبہ اجلاس بلایاجائے ۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومت کا عذر بھی مسترد کر دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا۔اسکروٹنی کمیٹی کے سربراہ ارشد خان نے اجلاس کو تحریک انصاف ، نون لیگ اور پیپلزپارٹی کے خلاف پارٹی فنڈنگ مقدمات پر بریفنگ دی۔ الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی میں تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ اسکروٹنی کمیٹی نے بتایاکہ فریقین کے وکلاء مصروفیات کیوجہ سے وقت نہیں دے پاتے۔
الیکشن کمیشن اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا۔سیکرٹری بلدیات پنجاب نے بتایاکہ کورونا کی وجہ سے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے انتخابات موخر کرنے کی سفارش کی ہے۔ این سی او سی کی ہدایت پرانتخابات کی تاریخ دینے سے قاصر ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کے بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کاعذر مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ایسا لگ رہا ہے پنجاب حکومت انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ نہیں،الیکشن کمیشن پہلے ہی ایس او پیز کے تحت ضمنی انتخابات کروا رہا ہے۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت 10 جنوری تک ویلج اینڈ نیبر ہڈ کونسلز کے ناموں کی اشاعت کرے جبکہ بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 روز میں تاریخ دے ۔