الخدمت کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن جنگ متاثرین کیلیے امداد لیکر بیروت پہنچ گئے۔
صدر الخدمت ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے جامعہ اسلامیہ بیروت کے 11 اسکولوں میں موجود 1400 متاثرین سے ملاقات کی۔
راولپنڈی(نمائندہ نازش جبین)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن اورنائب صدرائیرمارشل(ر)ارشدملک لبنان میں اسرائیل کی فضائی بمباری سے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان لے کربیروت پہنچ گئے۔الخدمت نے اہل پاکستان کی جانب سے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے خوراک، کپڑے،بستر اور میڈیسن سمیت 100ٹن امدادی سامان متاثرین جنگ تک پہنچایا۔ صدر الخدمت ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے جامعہ اسلامیہ بیروت کے 11 اسکولوں میں موجود 1400متاثرین سے ملاقات کی،متاثرہ خاندانوں کو امدادی رقم فراہم کی اور اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اہل پاکستان کی جانب سے ہر ممکن ریلیف کا یقین دلایا۔انہوں نے اسکولوں میں قائم عارضی ڈسپنسریوں کا دورہ کیا اور وہاں کی ضروریات کے پیش نظر فوری طورپرمتاثرین کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک جدید ایمبولینس بیروت سے خرید کر رضاکاروں کے سربراہ ڈاکٹر فاؤزی کے سپرد کی۔ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بے گھر افراد کی فوری ضروریات بستر،کمبل،خیمے، سلیپنگ بیگزاور تیار کھانا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے اس سلسلے میں اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، ہم پرعزم ہیں کہ پاکستانی عوام کی جانب سے بیروت میں جنگ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف آپریشن کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت پاکستان سے فوری طور پر 2 طیارے امدادی سامان بیروت پہنچانے کی گزارش کی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار یہ امدادی سامان تیارکررہے ہیں حکومت پاکستان کی جانب سے طیاروں کی فراہمی کے بعد جلد یہ امدادی سامان اسرائیلی کے فضائی حملوں سے متاثرہ بیروت میں مقیم بھائیوں تک پہنچائیں گے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمے داران نے بیروت کے مختلف اسکولز کا بھی دورہ کیا اور وہاں پناہ گزینوں کی ضروریات کا جائزہ لیا اوربیروت کی مقامی این جی اوزکے اشتراک سے متاثرین کی ضروریات پوری کرنے کیلیے فنڈزفراہم کیے۔
