اسلام آباد: اسلام آباد میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں، شہزاد ٹاؤن سے ایک اور کیس سامنے آنے پر علاقہ سیل کر دیا گیا، آنے اور جانے پر مکمل پابندی ہے۔
اسلام آباد میں لاہور تبلیغی جماعت سے آئے ایک اور شخص میں کرونا کی تصدیق ہوگئی۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کے 16 افراد میں کرونا کی تصدیق ہو چکی ہے، متاثرہ شخص کا تعلق شہزاد ٹاؤن سے ہے، علاقہ سیل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے نواحی علاقے بارہ کہو کو مکمل سیل کر دیا۔ پولیس اور فوج کے جوان تعینات کر کے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، بارہ کہو میں مکینوں کی مکمل سکریننگ کی جا ئے گی۔
راولپنڈی اسلام آباد میں بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر معطل ہے، جڑواں شہروں میں میٹروبس سروس صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے 10 اور شام ساڑھے 3 سے ساڑھے 5 بجے تک آپریشنل رہے گی، مسافروں کو ایک سیٹ چھوڑ کر بیٹھنے کا حکم دیا گیا ہے۔