اسلام آباد: احساس پروگرام کے تحت امداد ی رقوم کی فراہمی دوسرے روز بھی جاری رہی، ملک کے مختلف شہروں میں خواتین کی بڑی تعداد نے امدادی رقوم حاصل کیں۔
وزیراعظم عمران خان کے احساس کفالت پروگرام کی دھوم مچ گئی، مختلف شہروں میں امدادی رقوم کی فراہمی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، خواتین کی بڑی تعداد نے لائنوں میں لگ کر حکومت کی جانب سے جاری کی گئی رقوم حاصل کیں۔ سینٹرز میں اچھے انتظامات نظر آئے۔
وہاڑی، بہاولنگر، لیاقت پور، رینالہ خورد، خان پور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی خواتین کو رقوم کی فراہمی بہتر انداز میں کی گئی، انہیں ماسک بھی فراہم کئے گئے اور ان کیلئے کرسیوں کا بھی انتظام تھا، حکومتی اقدامات کو مستحقین نے خوب سراہا۔ حکومت کی جانب سے بنائے گئے سینٹرز میں پولیس اور پاک فوج کے جوان بھی رہنمائی کیلئے موجود تھے۔
احساس کفالت پروگرام کے تحت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی امدادی رقوم تقسیم کی گئیں، سکھر، نوشہرو فیروز اور لاڑکانہ میں خواتین کیلئے قائم خصوصی سینٹرز میں رش دیکھا گیا، جیکب آباد کے علاقے میر ہزار خان میں بھی خواتین کو حکومت کی طرف سے 12 ہزار روپے فراہم کئے گئے۔ احساس پروگرام کے تحت ڈھائی ہفتے کے دوران 144 ارب روپے مستحقین میں تقسیم کئے جائیں گے۔
حکومت کی جانب سے غریبوں کیلئے شروع کیا گیا پروگرام تیزی سے پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ امریکی ٹی وی سی این این نے بھی پاکستان کی تاریخ میں معاشرتی تحفظ کی سب سے بڑی کوشش کی خبر کو نمایاں طور پر پیش کیا اور حکومتی اقدامات کی تعریف کی