کراچی: قومی احتساب بیورو نے ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تقرری کیس میں شاہد خاقان عباسی کے خلاف نیا ریفرنس دائر کر دیا۔ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کر دیئے۔
نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے شیخ عمران الحق کو غیر قانونی طور پر ایم ڈی پی ایس او تعینات کیا، شاہد خاقان اور دیگر پر خزانے کو 13 کروڑ 80 لاکھ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ احتساب عدالت کراچی نے شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
نیب ترجمان کے مطابق احتساب عدالت نے شیخ عمران الحق اور یعقوب ستار کو 10 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق نے ایل این جی کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت سے ضمانت لے رکھی ہے۔
خیال رہے شاہد خاقان کے خلاف ایل این جی ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔