سندھ

آئی جی سندھ نے شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں زیر تربیت پولیس اہلکاروں سے خطاب کیا

*آئی جی سندھ نے شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں زیر تربیت پولیس اہلکاروں سے خطاب کیا۔*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کی آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انھیں سلامی پیش کی جبکہ ٹریننگ کالج کے پرنسپل ایس ایس پی عباس رضوی نے انکا خیر مقدمی استقبال کیا۔ آئی جی سندھ بعد ازاں یادگار شہداء پر گئے دعا اور فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کا گلدستہ پولیس شہداء کی یادگار پر رکھا۔ آئی جی سندھ نے اس موقع پر شہداء کی فیملی اور بچوں سے بھی ملاقات کی اور انکے سروں پر دست شفقت رکھا۔ خیر مقدمی خطاب میں پرنسپل نے بتایا کہ یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ آئی جی سندھ زیر تربیت پولیس اہلکاروں سے خطاب کرنے آئے ہیں، یہ موقع کالج کی تاریخ اور زیر تربیت اہلکاروں کیلئے تاریخی اور یادگاری ہے۔
آئی جی سندھ نے اپنے حوصلہ افزاء خطاب میں ٹرینیز، ٹرینرز، انسٹرکٹرز اور ٹریننگ کالج کے اسٹاف سے کہا کہ تربیتی کالج نرسری ہے یہاں سے پولیس اہلکار تیار ہوتے ہیں، اگر نرسری کی تربیت ٹھیک نہیں ہوگی تو پودا کیسے ٹھیک ہوگا۔ پولیس کی نوکری عبادت ہے، یہ عبادت تب بنے گی جب آپ اپنے آپ سے نکل جائیں گے۔ عوام کی حفاظت عبادت ہے اور یہ اس وقت تک جاری رہتی ہے جب تک آپ ڈیوٹی پر ہوتے ہیں۔ محافظ کا وہ وقت عبادت تصور کیا جاتا ہے۔ پاک فوج سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا کر عوام کے جان و مال کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ تمام خوش نصیب ہیں کہ اللہ پاک نے آپ لوگوں کو خدمت انسانیت کیلئے منتخب کیا ہے یہ موقع ان ہی لوگوں کو ملتا ہے جن پر اللہ پاک کی خاص نظر اور فضل و کرم ہوتا ہے۔ یہاں آپکو پیشہ وارانہ امور و اقدامات کی انجام دہی کے حوالے سے تربیت دی جاتی ہے تاہم جب آپ فیلڈ پولیسنگ سے وابستہ ہوتے ہیں تو تب آپ اپنے اختیارات کو مثبت طور پر انجام دیتے ہوئے خدمت انسانیت کی ایک نئی جہت و مثال متعارف کراتے ہیں۔ آپ کا مثبت رویہ برتاؤ دکھی انسانیت کی خدمت، انکے مسائل و مشکلات کا بطریق احسن ازالہ نا صرف محکمے میں آپکو نیک نام بلکہ معاشرے میں آپ کو اچھی شہرت کا اہل بھی بناتا ہے۔ کمیونٹی پولیسنگ پر بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ مجھے قوی امید ہیکہ آپ اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار سے عوام دوست پولیسنگ کو ہر سطح پر فروغ دینگے اور محکمہ پولیس سندھ کو حقیقی معنوں میں عوام کا خادم بنائیں گے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact : +92 300 5441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You